پولیس اہلکار خود اغواء برائے تاوان میں ملوث،منعم ظفر

پولیس اہلکار خود اغواء برائے تاوان میں ملوث،منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں موبائل وین کے ذریعے اورنگی ٹاؤن کے 2نوجوانوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ او ر تاوان وصول کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے۔۔

 کہ محکمہ پولیس ایک طرف شہر میں مسلح ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام میں ناکام ہے تو دوسری طرف اہلکار ہی شہریوں کے اغواء برائے تاوان میں ملوث ہیں،اورنگی ٹاؤن کی حالیہ واردات سے قبل بھی پولیس اہلکار اور افسران گھروں میں گھس کر اور شاہراہوں پر عوام اور تاجر وں سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں،یہ صورتحال اس امر کا ثبوت ہے کہ شہر میں چوری، ڈکیتی اور لوٹ مار کا سلسلہ اسی لیے ختم نہیں ہورہا کہ خود پولیس اہلکار ان جرائم میں ملوث ہیں اور حکومتی سطح پر ان عناصر کو تحفظ بھی فراہم کیا جاتا ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہاکہ آج تک ڈکیتی مزاحمت پر قتل میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ آسکی۔ہمارا شروع سے مطالبہ ہے کہ محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات ،یہاں موجود جرائم پیشہ عناصر کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ،پولیس کو سیاسی مداخلت اور کالی بھیڑوں سے صاف کرکے مقامی افراد کو پولیس میں بھرتی کیاجائے ،اسی طرح پولیس کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے اور عوام کی جان و مال کو تحفظ مل سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں