انٹر امتحانات میں جیمرز لگائے جائیں ،ڈائریکٹرز کالجز

انٹر امتحانات میں جیمرز لگائے جائیں ،ڈائریکٹرز کالجز

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈائریکٹرز کالجز پروفیسر مصطفیٰ کمال نے چیئرمین بورڈ کو خط لکھ کر فرمائش کی ہے کہ انٹر کے امتحانات میں جیمرز لگائیں اور سیل بوتل میں پانی دیں۔

ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر مصطفیٰ کمال نے 28 مئی سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کے سلسلے میں چیئرمین بورڈ کو خط میں لکھ کر فرمائش کی کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال کو روکنے کیلئے جیمرز لگائے جائیں اور امتحانی مراکز امیدواروں کو مقامی آلودہ برف ملا کر ٹھنڈے پانی کے بجائے سیل بند بوتلیں فراہم کی جائیں۔فرمائشی خط میں کہا گیا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران کالج ملازمین کو امتحانی ڈیوٹی انجام دینے پر زبردستی مجبور نہیں کر سکتے لہٰذا کالجز کو نجی اداروں کے عملے کو شامل کرنے کی اجازت دی جائے جو تعطیلات کے دوران امتحانی فرائض انجام دیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ امتحانی مراکز کو امتحانی اوقات کے دوران لوڈ شیڈنگ سے مستثنٰی ہونا چاہیے ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن، کراچی کو ہر امتحانی مرکز میں امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں سے موبائل فون لینے کیلئے ایک ڈیسک قائم کرنی چاہیے اور امتحانی مراکز میں کسی بھی مشکوک اور غیر مجاز شخص کے داخلے کو روکنا قانون نافذ کرنے والے ادارے کا کام ہے ۔ اگر کسی امتحانی مرکز میں امیدواروں کی تعداد 400 سے زیادہ ہے تو سینٹر سپرنٹنڈنٹ (پرنسپل) کو ایک اضافی سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو نامزد کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور فیکٹوٹم کو ایک اضافی فیکٹوٹم کو نامزد کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں