متحدہ کا کے الیکٹرک سے رواں ہفتے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ

 متحدہ کا کے الیکٹرک سے رواں ہفتے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کے الیکٹرک 21 سے 29مئی تک شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرے کیونکہ اس شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ شہریوں کی اموات کی وجہ بن سکتی ہے ۔

گزشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں روزانہ 12 گھنٹوں سے بھی زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، کے الیکٹرک کے ذمہ داران لوڈشیڈنگ کے ذریعے خدا کے قہر اور عوامی ردِعمل کو دعوت دے رہے ہیں، اگر کے الیکٹر ک نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں کیا اور ہیٹ ویو کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ جاری رکھی تو نقص امن کے ذمہ دار خود ہوں گے کیونکہ لوڈشیڈنگ سے ستائے عوام 40ڈگری پارہ میں سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں جنہیں روکنا کسی کے بس میں نہیں ہے ۔مرکزی کمیٹی نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری جو پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی خرید نے پر مجبور ہیں انہیں سہولت دینا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے ۔ کمیٹی نے وفاقی وزیر توانائی سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کو پابند کریں کہ وہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں