امتحانات میں طالب علموں کی نمایاں کارکردگی پر تقریب

  امتحانات میں طالب علموں کی نمایاں کارکردگی پر تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم گلشن اقبال ٹاؤن کی جانب سے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایک تقریب کا انعقاد پرانی سبزی منڈی میں پرائمری وسیکنڈری اسکول میں کیا گیا ۔

تقریب میں چئیرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب میں ڈاکٹر فواد احمد نے ڈائریکٹر ایجوکیشن عظیم حیدر سمیت دیگر اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کے اسکولوں میں مذکورہ اسکول کافی بہتر ہے اور اس میں طریقہ تعلیم نجی اسکولوں کے مقابل ہے اور طالب علم بھی متاثر کن صلاحیتوں کے حامل ہیں یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ گلشن اقبال کے اسکول اور طالب علم کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کو مزید بہتر بنانے کیلئے جہاں تک ممکن ہوگا اپنا کردار ادا کرینگے ،طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم حصول علم کو شعار بنالے اور اپنی اپنی صلاحیتوں کو پہچانے خاص طور پر اساتذہ طالب علموں کی صلاحیتوں کو جانچنے کے بعد ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں اسکول کے طالب علموں میں پوزیشنز حاصل کرنے پر شیلڈ واسناد تقسیم کی گئیں جبکہ اساتذہ ودیگر ملازمین کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شیلڈ واسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب تقسیم انعامات میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ارشد الرحمن سمیت دیگر نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں