اساتذہ اور بورڈ کا چولی دامن کا ساتھ،پروفیسرنسیم میمن

اساتذہ اور بورڈ کا چولی دامن کا ساتھ،پروفیسرنسیم میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سپلا کے تعاون سے کوالٹی اسسمنٹ پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔

 اس موقع پر چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر نسیم احمد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹربورڈ ایسے پروگرام مستقل بنیادوں پر مرحلہ وار منعقد کرے گا جس میں اساتذہ کو پیپر سیٹنگ، ماڈریشن، کوڈیفکیشن، کوالٹی اسسمنٹ اور شفاف طریقے سے رزلٹ کی تیاری کے حوالے سے تربیت دی جائے گی، اساتذہ اور بورڈ کا چولی دامن کا ساتھ ہے طلباء کے مفاد میں ضروری ہے کہ بورڈ اور اساتذہ تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹربورڈ اگست کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دے گا جو الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے دورے کر یں گی اور وہاں اساتذہ کی تعداد اور ایکوپمینٹ کا جائزہ لیں گی۔ آئندہ یقینی بنایا جائے گا کہ پرنسپلز کی طرف سے طلباء کی 75فیصد حاضری کا سرٹیفکیٹ دیا جائے ، اس سلسلے میں پرنسپلز اور انٹربورڈ کے درمیان مستقل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ ہر ماہ طلباء کی حاضری چیک کی جاسکے ۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ زاہد راجپر نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے پروگرام کے انعقاد پر چیئرمین انٹربورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔سپلاکے صدر پروفیسر منورعباس نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر پروفیسر نسیم احمد میمن اوربورڈ کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اساتذہ کی حاضری کو قابل تحسین قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں