ایک کلو وزن گھٹا کر ایک ملی میٹر بلڈ پریشرکم کیا جا سکتا ،ماہرین

ایک کلو وزن گھٹا کر ایک ملی میٹر بلڈ پریشرکم کیا جا سکتا ،ماہرین

کراچی (این این آئی)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے معین آڈیٹوریم میں بلڈ پریشر کے عالمی دن کے سلسلے میں منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین امراض قلب نے کہا ہے۔

کہ 42 فیصد بلڈ پریشر میں مبتلا افراد دوائیں استعمال نہیں کرتے ،یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ بلڈ پریشر کے مریض ہیں اس کے باوجود دوا استعمال نہیں کرتے نہ ہی احتیاط برتتے ہیں۔ بلڈ پریشر میں مبتلا مریض افراد کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وہ صرف ایک کلو وزن کم کر کے ایک ملی میٹر بلڈ پریشر کم کر سکتے ہیں۔ سمپوزیم کا انعقاد ڈاؤ یونیورسٹی اور سول اسپتال کراچی اور پاکستان ہائپر ٹینشن لیگ نے مشترکہ طور پر کیا۔ سمپوزیم سے پروفیسر نواز لاشاری، ڈاکٹر خالد بخاری ، ڈاکٹر راجیش کمار، ڈاکٹر ارشد علی شاہ اور دیگرنے خصوصی شرکت کی۔پروفیسر نواز لاشاری نے کہا کہ دنیا میں سالانہ ہائپر ٹینشن سے 17اعشاریہ پانچ ملین لوگ موت کا شکار ہوتے ہیں اس کے باوجود لوگ اس بات کو اہمیت نہیں دیتے کہ یہ کتنی خطرناک بیماری ہے ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہر تین میں سے ایک بالغ ہائپرٹینشن کا شکار ہے ۔ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے اور انہیں بلڈ پریشر چیک کرنے کا طریقہ سکھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کارکلچر کو پس پشت ڈال کر بائی سائیکل کے کلچر کو پروموٹ کرنا چاہیے ۔پروفیسر طارق اشرف نے کہا کہ 45 سال کی عمر میں ہر تین میں سے ایک بندہ ہائپر ٹینشن کا شکار ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹرز نے درست بلڈ پریشر چیک کرنے کے طریقے بتائے اور بتایا کہ ہاسپٹلز میں ایک اسٹول رکھ دیا جاتا ہے جس پر مریض کو بٹھا کر اس کا بلڈ پریشر چیک کر لیا جاتا ہے ایسا نہ کیا جائے اور مکمل طور پر صحیح طریقے سے بلڈ پریشر چیک کیا جائے ۔ بلڈ پریشر چیک کرنے سے پہلے مریض کو سب سے پہلے 30 منٹ تک کوئی کیفین تمباکو نوشی ایسی چیزوں سے دور رکھا جائے ۔آرام دہ کرسی پر بٹھایا جائے جس سے پیر اور پیٹھ کو سپورٹ ملے اور ہاتھ کو میز پر رکھا جائے تاکہ بلڈ پریشر درست طریقے سے چیک کیا جا سکے ۔ مریض کا بلڈ پریشر چیک کرتے وقت اسے خاموش رہنے کا کہا جائے ۔کچھ لوگوں میں بلڈ پریشر کی علامات ظاہر ہوتی ہیں جیسا کہ سر میں درد ہونا ،سانس لینے میں تکلیف ہونا ،ناک سے خون آنا وغیرہ شامل ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں