سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب گرمی کی لہربدستور جاری،4افراد اسپتال منتقل

سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب گرمی کی لہربدستور جاری،4افراد اسپتال منتقل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں)شہر میں منگل کو نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب شدید گرمی محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں متاثرہونے کے سبب گرمی کی لہربدستورجاری ہے ، منگل کو شہرمیں دوپہر کے وقت تیزدھوپ اورنمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے شدید گرمی رہی اور لو کے تھپیڑے بھی چلے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے ، بدھ اورجمعرات کو گرمی کا پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ شہر میں گرمی سے شہریوں کے متاثر ہونے کے کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ جناح اسپتال میں 4 افراد داخل کیے گئے ۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سجاد کے مطابق چاروں افراد کو طبی امداد دی گئی ہے ، جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 20 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ وارڈ میں ادویات ، ڈرپس موجود ، ائر کنڈیشنڈ اور چلرز بھی لگا دئیے گئے۔ ڈاکٹر سجاد میڈیکل آفیسر جناح اسپتال کا کہنا تھا کہ ابھی بھی شدید گرمی سے متاثر ہوکر کیسز رپورٹ ہورہے ہیں ، عوام اس موسم میں احتیاط کریں ۔شہری زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیجئے اور اپنے جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں اور براہ راست دھوپ میں جانے سے گریز کریں یا سر پر گیلا تولیہ رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں