محراب پور :گاڑی میں دم گھٹنے سے دو بچے جاں بحق

 محراب پور :گاڑی میں دم گھٹنے سے دو بچے جاں بحق

محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) کار میں پھنس جانے والے دو کمسن بچے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق ٹھارو شاہ تھانہ کی حدود خانزادہ محلہ میں عقیل احمد خانزادہ کے دو بیٹے 5 سالہ حسن خانزادہ اور 4سالہ حسین خانزادہ گلی میں کھیلتے ہوئے وہاں موجود کار میں جا بیٹھے کہ اس دوران گاڑی کا دروازہ اندر سے لاک ہوگیا جس کی وجہ سے بچے شدید گرمی، حبس اور دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے ۔ بچوں کی پراسرار گمشدگی پر اہلخانہ کی جانب سے دونوں کو 2 گھنٹے تک تلاش کیاگیا جس کے بعد کار سے لاشیں برآمد ہوئیں۔اس موقع پر ورثاء نے کار مالک کو بچوں کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے الزام عائد کیا کہ حسن خانزادہ اور حسین خانزادہ کی موت کا ذمہ دار کار مالک خالد عرف راجہ خانزادہ ہے ، اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی بھریا سٹی فہد ارشد اور ایس ایچ او ٹھارو شاہ رفیق بھیو موقع پر پہنچے اور ورثاء کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ ٹھاروشاہ پولیس نے کار اپنی تحویل میں لیکر مزید تفتیش شروع کردی۔ کنڈیارو کے نواحی گائوں علی نواز ڈیپر میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 13سالہ راہگیر بچی جاں بحق ہوگئی اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔ بچی کی لاش اور زخمیوں کو تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال میں بچی کی شناخت سوہانا اور زخمیوں کی شناخت قیصر اور عجیب ڈیپر کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق ایک ہی گائوں سے بتایا جاتا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو گروپوں میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے معاملے پر جھگڑے کے دوران پیش آیا ۔ علاوہ ازیں کنڈیارو کے نواحی علاقے ٹھاروشاہ کے قریب سہڑا نہر میں نہاتے ہوئے دو بھائی ڈوب گئے ۔مقامی غوطہ خوروں نے ایک 10سالہ بچے کی لاش نکال لی جب کہ دوسرے بھائی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ، جانبحق ہونے والے بچے کی شناخت جمشید اور بے ہوش ہونے والے کی فہیم کے نام سے ہوئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں