صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج

 صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج

کنری،اندرون سندھ(نمائندہ دنیا)میر ماتھیلو کے نڈر اور بے باک صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ملک بھر کی طرح اندرون سندھ بھی احتجاج کیاگیا۔

کنری میں صحافیوں عبدالمجید میمن،انورحسین میمن،انیل کمار مکوانا،کاشف رضا،رضوان مغل کی قیادت میں شدید گرمی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی،سماجی اور قوم پرست رہنماؤں رمضان خاصخیلی،انجینئر عبدالمنعم خان،راجہ اسد علی،ماما رانجھا ودیگر نے شرکت کی۔ریلی مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی نیشنل پریس کلب کنری پہنچی جہاں شرکاء نے شدید احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری اور صحافیوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے نصراللہ کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عزیز اللہ میمن،جان محمد مہر کے قتل کے بعد اب نصراللہ کا قتل حق اور سچ کی آواز دبانے کے مترادف ہے ، صحافیوں کا قصور یہ ہے کہ وہ مظلوموں کی آواز ہیں لیکن وڈیرے اور جاگیردار سن لیں یہ چراغ پھونکوں سے بجھائے نہیں جاسکیں گے ، نصراللہ گڈانی کی شہادت کے بعد یہ کارواں رکنے والا نہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ریاست صحافیوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقتول صحافی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔ کندھ کوٹ میں بھی شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے یونین آف جرنلسٹس ضلع کشمور کندھ کوٹ کی جانب سے دلیپ کمار ٹھاکر ،علی حسن ملک، غلام رسول میرانی ،پیر بخش بھنگوار ،راجہ گوپی چند ودیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر صحافیوں نے پلے کارڈز اٹھائے تھے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مقررین نے کہاکہ ہم مظلوم عوام کی آواز بنتے رہیں گے اور کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ سکھر میں سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سکھر پریس کلب، سکھر سیفما چیپٹر، سکھر فوٹو جرنلسٹ، کورٹ رپورٹر ایسوسی ایشن،ویمن جرنلسٹس و دیگر صحافی تنظیموں کے عہدے داروں امداد بوزدار، آصف ظہیر لودھی، احقر رضوی ودیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نصراللہ گڈانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں