ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہونگے ، گورنر

 ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہونگے ، گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک میں ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہوں گے ۔

گورنرسندھ سے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے 16 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام نے کی۔ملاقات کے دوران بجلی کی قیمتوں میں اضافے ، معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے ، سرمایہ کاری کے مواقع اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر بات چیت ہوئی، شہر قائد میں صنعتوں کو بجلی و گیس کی تواتر سے فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ معاشی، صنعتی اور اقتصادی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے ، موجودہ حکومت صنعتی فعالیت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مشکلات سے وفاق سے متعلق اداروں کو آگاہ کرتا رہوں گا، اس حوالے سے وزیراعظم کے سامنے آپ کے مسائل پیش کروں گا، اپنی مدد آپ کے تحت گورنر ہاؤس میں عوام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات آپ کے سامنے ہیں۔کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب تک چار لاکھ 70 ہزار افراد کو راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ، 1800 سے زائد بائیکس دے چکے ہیں، ماہانہ بنیادوں پر کروڑوں کی امداد کی جاتی ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک میں ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں