صنعتوں کو پانی روکنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

صنعتوں  کو  پانی  روکنے  کی   کوشش  ناکام  بنادی  گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر کارپوریشن کے نئے قانون سے پریشان سب سوائل آپریٹرز نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں صنعتوں کو پانی کی فراہمی روک دی تاہم اہم ترین اداروں کے اعلیٰ سرکاری حکام اور سی ای او واٹر کارپوریشن کے فوری ایکشن کے بعد پانی کی سپلائی شروع کروادی گئی۔

کراچی واٹر کارپوریشن کے سی ای او سید صلاح الدین احمد نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت شہر بھر کی تمام صنعتوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اس معاملے پر کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے کیونکہ سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر تمام صنعتوں کا شہر کی ترقی و بہتری میں اہم کردار ہے اور صنعتیں شہر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ہفتے کو ہنگامی بنیادوں پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے سب سوائل آپریٹرز کے ساتھ ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کی اس موقع پر محمد ایوب شیخ، اویس ملک، نجیب احمد، سید سردار شاہ اور محمد عامر موجود تھے ۔

ملاقات کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ کسی بھی با اثر کو شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، انہوں نے سب سوائل آپریٹرز سے مخاطب ہوئے ہوئے کہا کہ پانی چوری میں ملوث کسی بھی افراد کو لائسنس نہیں دیا جائے گا جبکہ سب سوائل آپریٹرز کے جائز تمام مسائل حل کیے جائیں گے ، انکا کہنا تھا کہ تمام بورنگ پر میٹر لگائیں جائیں گے جبکہ واٹر کارپوریشن کے خلاف کوئی بھی غلط کام نہیں کیا جائے گا نہ ہی کسی کو غلط کام کرنے کی اجازت دیں گے ، انکا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کی نئی انتظامیہ شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ پانی کی عدم فراہمی اور پانی کی بندش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، انکا مزید کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کے تمام صارفین اور معزز شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرتا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس موقع پر سب سوائل آپریٹرز کا کہنا تھا کہ ہم سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر انجینئر سید صلاح الدین احمد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جہنوں نے ہمارے مسائل سنے کیلئے ہمیں موقع دیا اور ہم اس موقع پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں