محکمہ ایکسائز میں جدید کیو مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح

محکمہ  ایکسائز  میں  جدید  کیو  مینجمنٹ  سسٹم  کا  افتتاح

کراچی (این این آئی)محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے گاڑیوں کی بایو میٹرک رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے پورے عمل کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرکے آسان بنانے کے لئے جدید کیو مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا ہے ۔

کراچی سوک سینٹر میں قائم ایکسائز موٹر رجسٹریشن ونگ کے دفتر میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گاڑیوں کی بایومیٹرک رجسٹریشن اور جدید کیو مینجمنٹ نظام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی قیادت کے وژن کے مطابق عوام کو سہولیات فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنارہی ہے ، بائیو میٹرک رجسٹریشن اور کیو مینجمنٹ سسٹم سے عوام کو مزید سہولت ملے گی، گاڑیوں کی رجسٹریشن کو بایومیٹرک نظام سے جوڑ دیا گیا ہے جس سے جعلسازی کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پورے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پر عزم ہے ، ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگوں کیلئے سہولیات کے ماحول کی فراہمی حکومتوں کا فرض ہے ، لوگوں کی آسانی کے لئے آن لائن بکنگ ٹائم حاصل کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ، اربوں روپے کے ٹیکس کی وصولیابی کیلئے لوگوں کو بہترین اور سازگار ماحول دیا گیا ہے ، دوستانہ اور بہتر ماحول میں کام کی سہولت مہیا کی گئی ہے ، ایک آفس ڈسٹرکٹ ساتھ میں بھی کھولنے جارہے ہیں جو رات دیر تک فعال ہوگا۔انہوں نے خواتین کے لئے مخصوص ایک علیحدہ دفتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ لوگوں کو ہوم سروس بھی مہیا کی جائے گی جس کے معمول کے سروس چارجز ہوں گے ، سرکار کو واجب الادا ٹیکسز کی ادائیگی سے نظام بہتر طور پر کام کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران و عملے کی شکایت پر ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے ۔محکمہ ایکسائز میں عملے کی کمی کا سامنا ہے اور بھرتیوں پر عدالتی اسٹے آرڈر کی وجہ سے عملے کی کمی کا سامنا کرنا پڑ ہے ، ایک ہی نمبر بہت گاڑیوں پر نصب ہونا بہت بڑا جرم ہے ، غلط نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل میں ٹریکر چپس لگنے پر کام جاری ہے جلد یہ نظام بھی فعال ہوگا۔سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و عملے کو شیلڈز اور اعزازات بھی دیئے ۔اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز سندھ سلیم راجپوت اور ڈی جی ایکسائز اورنگزیب اکبر پنہور اور محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں