میئر کی ملک میں فٹ بال کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی

 میئر کی ملک میں فٹ بال کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے دفتر میں پاکستان فٹ بال لیگ (پی ایف ایل)کے چیئرمین فرحان جونیجو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں فرحان جونیجو نے اُنہیں پی ایف ایل کے مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام پاکستان میں فٹ بال کے شوقین نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پاکستان فٹبال لیگ کی جانب سے تیار کیے گئے ان پروگراموں کا مقصد پاکستان میں کھیل کے میدان جیسی بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے سے لے کر کم مراعات یافتہ علاقوں کے ایسے بچوں کے لیے آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے جو فٹ بال کے میدان میں اپنا نام بنانے کا خواب دیکھتے ہیں لیکن مالی مشکلات کی وجہ سے ایسا کر نہیں سکتے ۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان میں فٹبال اسٹارز کا خیرمقدم کرنے اور ککری گراؤنڈ میں شائقین کو بات چیت کرنے کے قابل بنانے پر پی ایف ایل کی کاوشوں کو سراہا اور اسے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا۔اس ملاقات میں میئر کراچی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل ہے اور پاکستان میں فٹ بال کے مداحوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے ۔ کراچی کی سڑکیں اس کھیل سے محبت کی وجہ سے پہچانیں جاتی ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں