بدعنوان حکمراں معیشت ڈیجیٹل نہیں کرسکتے ،جسٹس وجیہ

بدعنوان حکمراں معیشت ڈیجیٹل نہیں کرسکتے ،جسٹس وجیہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عام لوگ اتحاد کے رہنما جسٹس (ر)وجیہ الدین نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ آگیا لیکن عوام کو ہمیشہ کی طرح کچھ نہیں ملا۔ بدعنوانی میں ملوث حکمراں معیشت کو ڈیجیٹل نہیں کرسکتے ۔

تنخواہ دار طبقہ جو پہلے ہی ٹیکس تلے دبا ہوا تھا اس پر مزید بوجھ لاد دیا گیا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ توقع تھی کہ ٹیکسز کے پھیلاؤ کو بڑھاکر ہر طرح کی آمدنیوں، بشمول زرعی و پنشنوں کو آمدنی کی مد میں لایا جائے گا۔ اس طرح ایک طرف تنخواہوں پر انکم ٹیکس کی شرح کم ہوتی تو دوسری طرف زیادہ افراد کے ٹیکس کی زد میں آنے کے سبب وافر و سہل محصولات دستیاب ہو پاتیں لیکن یوں نہ ہونے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا انحصار بیرونی ادائیگیوں کے توازن سے جڑا ہوتا ہے ۔ درآمدات جو زیادہ تر مراعت یافتہ طبقات کی خوشنودی پر مبنی ہوتی ہیں، برآمدا ت سے کہیں زیادہ چلی آتی ہیں اور اگر بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات کا سہارا مفقود ہو تو ملک کب کا نادہندہ ہوچکا ہوتا، مگر جیب کے اتنے بڑے سوراخ کی کسی کو پرواہ نہیں۔ صرف یہی نہیں، ہماری تاجر برادری، درآمد کرے یا برآمد، زر مبادلہ کی خطیر رقوم بیرون ملک چھوڑ آتی ہے ، ایسے ہی تو دیار غیر میں لمبے لمبے اثاثے کھڑے نہیں ہوجاتے ۔ سادہ سا حل ہے معیشت کو ڈیجیٹل کردیا جائے ، مگر کرے گا کون؟ وہ جو لوٹ کھسوٹ اور بدعنوانی میں سر سے پاؤں تک ملوث ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں