اسٹیل مل:سیکڑوں خاکروب بر طرف،صفائی کا نظام درہم برہم

اسٹیل مل:سیکڑوں  خاکروب بر طرف،صفائی  کا  نظام  درہم برہم

کراچی (رپورٹ:آغا طارق)پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے گلشن حدید میں صفائی ستھرائی اور گھروں سے کچرا اٹھانے کے لیے مقرر کیے گئے سیکڑوں خاکروب کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا۔

خاکروب برطرف ہونے کے بعد گلشن حدید میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ۔تمام گلیوں میں گھروں کے سامنے بڑی تعداد میں کچرا جمع ہو گیا ۔سیکڑوں خاکروبوں نے ملازمتوں سے برطرفی کے خلاف گلشن حدید کمیٹی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا ۔متبادل کے طور گڈاپ ٹاؤن جانب سے صفائی ستھرائی کے لئے کوئی انتظامات نہ ہوسکے ، تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل انتظامیہ نے گلشن حدید میں 30 سال سے زائد صفائی ستھرائی اور کچرااٹھانے کا کام کرنے والے سیکڑوں مرد خواتین خاکروب کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا ہے جس کی وجہ سے گلشن حدید کے گھر کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔اور پورے گلشن حدید میں گلیوں کے اندر کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں اور پورا علاقے میں بدبو پھیل گئی ہے ۔ اسٹیل مل کی حدید کمیٹی نے ملازمین کی برطرفی کے اس اقدام سے قبل ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ نہیں کیا نہ ہی مشاورت کی گئی موجودہ صورتحال میں کئی دن سے گھروں سے کچرانہیں اٹھایا گیا۔گھروں کے باہر کچرے کے ڈھیر موجود ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ۔ گڈاپ ٹاؤن اس اہم مسئلے پر خاموش ہے۔

جبکہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ صرف سڑکوں پر جھاڑو لگاتا دکھائی دے رہا ہے ۔واضح رہے کہ علاقے میں کچرا کنڈیاں بھی موجود نہیں ہیں لہٰذا لوگ کچرا گھروں کے باہر یا سڑکوں پر پھینک رہے ہیں۔ دوسری جانب اسٹیل ملز سے برطرف خاکروب اور سنیٹری ورکرز اور دیگر دہاڑی دار مزدور تین روز سے احتجاج کررہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہے ۔عید سے ایک دن قبل بھی سیکڑوں خاکروبوں نے گلشن حدید کمیٹی کے دفتر کے سامنے ملازمتوں سے برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا۔برطرف ملازمین کے مطابق وہ 30 سال سے کچرا اٹھانے اور صفائی ستھرائی کا کام کرتے ہیں اور اب مل نظامی نے بغیر کسی جواز کے ان نے ملازمتوں سے برطرف کر دیا ہے ۔ایسی برطرفیوں کے خلاف وہ سخت احتجاج کرتے رہیں گے ۔دوسری طرف گلشن حدید کی عوام نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات سندھ، میئر، ڈپٹی میئر کراچی، چیئرمین گڈاپ ٹاؤن و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گلشن حدید میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بناکر موذی بیماریوں سے بچایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں