میرپور خاص :بارشوں سے قبل اہم نالوں کی صفائی نہ ہو سکی

میرپور خاص :بارشوں سے قبل اہم نالوں کی صفائی نہ ہو سکی

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) مون سون بارشوں سے قبل اہم نالوں کی صفائی مکمل نہ کی جاسکی، میگا پروجیکٹ کے نالوں کی ٹوٹ پھوٹ سے نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود میرپورخاص شہر کے اہم نالوں سے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ صفائی کے کام کا آغاز نہیں کیا جاسکا ہے ۔ تمام نالے کچرے سے بھرے نظر أٓرہے ہیں جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے میرپورخاص شہر میں جاری نالہ پروجیکٹ مکمل نہ ہونے اور زیر زمین نالوں کی صفائی نہ ہونے سے بھی نکاسی آب کے مسائل بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میرپورخاص شہر میں ناکارہ ڈرینج نظام اور نالوں کی عدم صفائی سے شہر بھر میں مون سون بارشوں میں بڑے نقصان کا خدشہ ہے ۔ میونسپل کارپوریشن اور دو ٹاؤنز کی جانب سے اب تک نالوں کی صفائی کا عمل شروع نہیں کیا جاسکا ہے ۔ اس حوالے سے میئر عبدالرؤف غوری سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی بنیادوں پر شہر کے تمام نالوں کی صفائی اور پمپنگ اسٹیشنوں کی مشینوں کو تیار رکھنے کے لیے لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں عملے اور انچارجز کو پابند کیا گیا ہے کہ تمام نالوں کی صفائی کے ساتھ نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنوں کو تیار رکھا جائے تاکہ مون سون بارشوں میں شہریوں کو مشکلات پیش نہ آسکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں