کے الیکٹرک عوام کا خون چوس رہی ہے ،پاسبان

کے الیکٹرک عوام کا خون چوس رہی ہے ،پاسبان

کراچی(آن لائن)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والانے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کو کراچی کے عوام پر حکومت اور کے الیکٹرک کا ظلم قرار ردیتے ہوئے کہا ہے کہ 2کروڑ 3 لاکھ 82 ہزار کی آبادی کو کے الیکٹرک نے حکومتی سرپرستی میں یرغمال بنا رکھا ہے ۔کے الیکٹرک آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر عوام کا خون چوس رہی ہے ۔

 پاسبان بھرپور عوامی قوت سے اس سامراجی نظام سے ٹکرا جائے گی۔ کے الیکٹرک کا بدترین ٹمپریچر کے دوران بھی مسلسل 12سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو جاری رکھنا درحقیقت ریاست کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔ ریاست کو کے الیکٹرک کی کھلی بدمعاشی کیوں نظر نہیں آرہی؟ کیا آزاد کشمیر کی طرح کراچی کے عوام بھی نکل پڑیں تب حکومت کے الیکٹرک پر ہاتھ ڈالے گی؟۔ کراچی کی صورتحال پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور جلدعوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کریں گے ۔ عوام کے لئے بجلی کے بل ناقابل برداشت حد تک بڑھائے جا رہے ہیں۔ پاسبان کی سیاست مفاد پرست سیاسی جماعتوں سے مختلف ہے ۔ پاسبان عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے قائم کی گئی ہے ۔ کے الیکٹرک سمیت کسی بھی ادارے کو عوامی حقوق غصب نہیں کرنے دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں