لیاقت آباد میں دومنزلہ عمارت اچانک زمیں بوس،جانی نقصان نہیں ہوا

لیاقت آباد میں دومنزلہ عمارت اچانک زمیں بوس،جانی نقصان نہیں ہوا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لیاقت آباد میں 2 منزل عمارت متصل لاٹ پر کھدائی کے باعث اچانک زمیں بوس ہو گئی۔عمارت گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عمارت میں اسکریپ کی دکان قائم تھی اور متصل پلاٹ پر کھدائی کا کام جاری تھا جس کے باعث عمارت پہلے ٹیڑھی ہوئی اوراچانک زمیں بوس ہوگئی۔لیاقت آباد6 نمبرکے قریب پیش آنے والے حادثے کی اطلاع پر پولیس، فائربریگیڈ، ریسکیو 1122 کی ٹیم اوردیگر ادارے موقع پر پہنچ گئے ۔ 2 منزلہ عمارت میں اسکریپ کی دکان قائم تھی اوردکان میں کئی ملازم موجود تھے جو بروقت دکان سے باہر نکل آئے ۔موقع پرموجود شہریوں نے بتایا کہ زمیں بوس ہونے والی اسکریپ کی دکان متصل بھورے خان سینٹر کے نام 4 منزلہ عمارت موجود تھی جوعامرمغل نامی شخص نے خریدی ہے ۔عامر مغل نامی شخص نے متعلقہ اداروں کی اجازت لیے بغیر پہلے عمارت منہدم کی جس کے بعد پلاٹ پرزیرزمین کھدائی کی جا رہی تھی۔ دکانداروں کی جانب سے منع کرنے کے باوجود پلاٹ پر گزشتہ 2 روز سے کھدائی جاری تھی۔اسکریپ کی دکان کے مالکان کومحسوس ہوا کہ عمارت ٹیڑھی ہو رہی ہے جس پراسکریپ کی دکان کے مالکان اورعملہ دکان سے باہر آیا تو اچانک عمارت زمین بوس ہو گئی ۔اسکریپ کی دکان 26 گزپربنی ہوئی تھی۔ متاثرہ اسکریپ کی دکان کے مالک فراز نے بتایا کہ پلاٹ پرمزدور کی جانب سے کھدائی کی جا رہی تھی۔ مزدور کھانا کھانے کے لیے باہر گئے ، اسی دوران میں دکان سے باہر آیا تو عمارت ٹیڑھی ہونے لگی، جس پرفوری دکان کے عملے کو باہرنکالا اور اس دوران عمارت زمیں بوس ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن مالی نقصان بہت ہوا۔ ان کا کاروبار مکمل تباہ ہو گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا 40 سال پرانا کاروبارتھا جوکہ مکمل تباہ ہو گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کے نقصان کا ازالہ کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں