کوسٹ گارڈز نے منشیات کی بڑی مقدار تلف کردی

کوسٹ گارڈز نے منشیات کی بڑی مقدار تلف کردی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عالمی منشیات کے دن کی مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے 2024 کے دوران کی گئی کارروائیوں کے دوران تلف کی جانے والی منشیات کی تفصیلات جاری کردیں۔

ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ہر سال 26جون کو منشیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد اقوام عالم کو اسمگلنگ اور منشیات کے نقصانات سے اگاہی دلانا اور اس کی روک تھام، تلف کر نا اور معاشرے میں آگاہی پھیلانا ہے ۔ بلاشبہ منشیات انسانی جانوں کی زہر قاتل ہے اور ہر سال کئی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے ۔ اسمگلنگ اور منشیات کا ناسور کس طرح ہماری پاکستانی قوم اور بین الاقوامی برادری کو معاشی طور پر نقصان پہنچا رہا ہے ، ہم سب اس سے آگاہ ہیں۔ لہذا ہم سب کو مل کر اس کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔اس دن کی مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز ہر سال حسن شاہ مزارکے قریب پکڑی گئی ممنوعہ اسمگل اشیاء اور منشیات کے جلانے کی تقریب کا اہتمام کرتی ہے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اس سال بھی دو مرتبہ بالترتیب 19جنوری اور 27اپریل 2024 کو تقاریب منعقد کرتے ہوئے 6607 بوتلیں شراب،56 ٹن بیئر تلف کئے ۔ اس کے علاوہ 1954 کلو گرام چرس، 7.55 کلو گرام ہیروئن، 61.5کلو گرام کرسٹل،10.13کلو گرام افیون ، 1500کلوگرام بھنگ اور دیگر متفرق اشیا ء کو نذرِ آتش کیا گیا۔پاکستان کو سٹ گارڈز ہر سال منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے اس تقریب کا انعقاد کر تی ہے تا کہ معاشرے میں اس ناسور کے خلاف آگاہی کو اجاگر کر سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں