گرمی میں لوڈ شیڈنگ غیر انسانی اقدام ،وقار مہدی

گرمی میں لوڈ شیڈنگ غیر انسانی اقدام ،وقار مہدی

کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے ۔

 انہوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کو بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کے الیکٹرک ایم کیو ایم کا تحفہ ہے ، جو کراچی کے شہریوں کے لیے عذاب بنا ہوا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی کے موسم کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنا بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے معمول بنایا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے تو کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور عوام دشمنی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی دو کروڑ سے زائد آبادی لوڈ شیڈنگ کی شدید اذیت سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید لوڈ شیڈنگ کے باعث شہرِ قائد میں پانی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ کے الیکٹرک بل کی عدم ادائیگی کو بنیاد بنا کر بڑی تعداد میں بل ادا کرنے والوں کو بھی لوڈ شیڈنگ کے زمرے میں ڈال رہی ہے ۔ ایم کیو ایم نے جنرل مشرف کے دور میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی نجکاری کی حمایت کی، نجکاری کی مخالفت صرف پیپلز پارٹی نے کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں