سبزی منڈی جانے والے تاجروں کا پولیس پر لوٹ مار کاالزام

 سبزی منڈی جانے والے تاجروں کا پولیس پر لوٹ مار کاالزام

کراچی (سٹی ڈیسک)سبزی منڈی جانے والے تاجروں سے پولیس پر لوٹ مار کاالزام عائد کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

ملیر فریش فروٹ اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد جاوید نے آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سے سبزی و فروٹ فروشوں سے لوٹ مار میں ملوث پولیس اہلکاروں کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا ہے ۔ محمد جاوید کے مطابق سبزی منڈی جانے والے تاجروں سے صبح سویرے کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کو ملانے والے پل ،ائر پورٹ کے اطراف اور سبزی منڈی جانے والے دیگررستوں پر مبینہ طور پر پولیس کی بھتہ خوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،پولیس اہلکار چیکنگ کے بہانے تاجروں سے ان کی جمع پونچی لوٹ لیتے ہیں۔سبزی منڈی جانے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار سبزی منڈی جانے والی گاڑیوں کو روکتے ہیں اور کاغذات چیک کرنے کے بہانے تاجروں سے ان کی رقم چھین لیتے ہیں،عوام کے محافظ عوام کی ہی جان و مال کے درپے ہیں،متاثرہ تاجروں کی جانب سے متعدد بار متعلقہ تھانوں کی اس جانب توجہ دلائی گئی ہے ،تاہم تاجروں سے لوٹ مار میں ملوث ان اہلکاروں کے خلاف اب تک کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے ۔انہوں نے آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سے مطالبہ کیا کہ سبزی منڈی جانے والے راستوں پر پولیس کی مبینہ لوٹ مار کا فوری نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں