عوام کے حقوق کا استحصال ہورہاہے ،شاداب رضا

عوام کے حقوق کا استحصال ہورہاہے ،شاداب رضا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا استحصال ہورہاہے روزگار ہے نہ ہی تعلیم وصحت غریب کو میسر ہے ،جمہوری حکومت میں عوام کو ریلیف نہ ملنا جمہوری قدروں کے منافی عمل ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اور ملک کا آئین عوام کو حقوق دینے یکساں تعلیم وصحت اور معاشی آسانی دیتا ہے ،ٹیکس دینے سے کوئی بھی انکاری نہیں ہے ملک ٹیکسوں سے ہی چلتے اورترقی کرتے ہیں،بجلی،گیس، ٹیلیفون کے بلوں اور پٹرول پر بے جا ٹیکسز ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ،پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے غریب،مزدور،کسان اپنا پسینہ بہاکر شب وروز جدوجہد میں مصروف عمل ہیں،حکومت آٹا،گھی ،چینی، چاول،سبزی وپھل اور دودھ کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرے ،دوائیوں اور بچوں کے دودھ کی قیمتوں کو بھی کم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کے حقوق کے حل کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ،پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے کوشان ہیں اور مثبت حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دینگے ،حکومتی منفی پالیسی جس سے غریب پر مشکلات آتی ہوں ایسی پالیسیوں کا ساتھ نہیں دینگے ،قانون وانصاف کی بالادستی کے ذریعے ہی دہشتگرد وجرائم پیشہ عناصر کو کمزور کیا جاسکتا ہے ، انتہاپسندی اور دہشتگردی پاکستان کے دشمنوں کا ہتھیار ہے جس کے ذریعے بدامنی کرنا چاہتے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں