سفاری پارک میں راک کلائمبنگ کا آغاز

سفاری  پارک  میں  راک  کلائمبنگ کا  آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کررہے ہیں۔۔

کے ایم سی کے اثاثوں کا صحیح استعمال کریں گے ، کراچی کے حوالے سے منفی تاثر کا خاتمہ کردیا ہے ، مخالفین کے بیانیے کو بھی جھوٹا ثابت کیا ہے ، لوگ اختیارات کا رونا روتے تھے جبکہ شہر میں کام ہو سکتا تھا، پیپلزپارٹی کا میئر اور ڈپٹی میئر اس شہر کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم شہر کے دیگر اجڑے پارکوں کو بھی درست کریں گے ، اس شہر کے وسائل عوام کی امانت ہیں، بند جائیداد کا فائدہ ہے یا اس سے آمدنی کافائدہ ،یہ فیصلہ ہمیں کرنا ہے ، کہیں نہ کہیں ہمیں سیپرا اور پیپرا کو دیکھنا ہوگا، رات کی تاریکی میں پیسے منتقل نہیں کرتے ، مجھے وہ کراچی نہیں چاہئے جب سفاری پارک سے اسلحہ ملتا تھا یہاں کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں اور اب جونیئر ایڈونچر چیلنج اور راک کلائمبنگ کا بھی آغاز ہو گیا ہے ، یہ وہ سفاری پارک ہے جس کا ہم نے خواب دیکھا تھا ،جمبو جمپ بھی چند دن میں کھول دیں گے ،چاہتا ہوں اس پارک میں جنگل ٹریل اور ٹریک بھی ہو ،یہ بات انہوں نے جمعہ کوسفاری پارک میں خصوصی تفریحی سہولت امیوزمنٹ ملٹی ایڈونچر اور جونیئر ملٹی ایڈونچر چیلنج کورس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہمارا وعدہ تھا کہ کراچی شہر کی رونقیں بحال کریں گے اور اس شہر سے منفی چیزوں کا خاتمہ کریں گے لہٰذا جب بھی لوگ اس پارک میں آئے یہاں بہتری دیکھی، جو جگہ بند ہو چکی تھی وہ ایک بار پھر بحال ہو رہی ہے ، تعطیلات کے دوران اس پارک میں پیر رکھنے کی جگہ نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے بچوں اور بڑوں کو تفریح کی جدید سہولیات میسر آئیں گی، یہ دونوں منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے ، 8 سے 15 سال تک کے بچوں کو تفریح اور امیوزمنٹ ملٹی ایڈونچر کی سہولیات ملیں گی، سفاری پارک میں ڈائنو پارک بھی موجود ہے ، پیپلزپارٹی کی حکومت بلاتفریق عوام کی خدمت کر رہی ہے اور غریب اور امیر کے لئے یکساں کھیل اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ، جو لوگ اختیارات کا رونا روتے تھے ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ کام کیسے ہوتا ہے ، یہ وہی کے ایم سی ہے مگر میئر پیپلز پارٹی کا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں