جیکب آباد میں غیرت کے نام پرخاتون سمیت 2افراد قتل

جیکب آباد میں غیرت کے نام پرخاتون سمیت 2افراد قتل

جیکب آباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) جیکب آباد میں بد بخت بیٹے نے غیرت کے نام پر ماں سمیت 2 افراد کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تاجو دیرو تھانہ کی حدود داؤجہانپور میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان مورزادو میرالی کو قتل کردیا اور بعد میں ایک عورت سبحان خاتون کو بھی قتل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاشوں کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی گئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ سیاہ کاری کے معاملے پر پیش آیا ہے ، بدبخت بیٹے صلاح جکھرانی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر پہلے داؤجہانپور میں نوجوان مورزادو میرالی کو قتل کرنے کے بعد اپنے گاؤں جاکر اپنی والدہ سبحان خاتون کو بھی قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔ ٹنڈوآدم کے قریب گاوں کرنل حنیف میں 16سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ٹنڈوآدم کے قریب گاوں کرنل حنیف میں آم کے درخت پر چڑھتے ہوئے 16 سالہ سلطان ولد علی گل شیخ گیارہ ہزار والٹ کی تار سے ٹکراگیا۔ محراب پور کے کنڈیارو تھانہ کی حدود گاؤں علی نواز ڈیپر میں والدین کی جانب سے پسند کی شادی سے انکار پر 16 سالہ آصف ڈیپر ولد ملوک ڈیپر نے دلبرداشتہ ہوکر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، والدین جھلسے ہوئے بیٹے کو علاج کے لئے کنڈیارو اسپتال لائے ۔ میڈیکل آفیسر کے مطابق نوجوان کی حالت نازک ہونے پر اسے حیدر آباد اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ محراب پور تھانہ کی حدود نیو ٹاؤن ریلوے پھاٹک پر راہگیر نوجوان پٹڑیوں عبور کرتے ہوئے کراچی سے پنجاب جانے والی ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔ ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت منصور احمد ڈیپر کے نام سے ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں