حادثات وکرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 4جاں بحق

 حادثات وکرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 4جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں ایک خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے سے الحبیب ریسٹورنٹ کی طرف جاتے ہوئے تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ،اسپتال میں متوفی کی شناخت 50 سالہ محمد عمر کے نام سے ہوئی،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ادھرزمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 32A سلطان ہاؤس کے قریب واقع ایک گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان خاتون جاں بحق ہوگئی،متوفیہ کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ،اسپتال میں متوفیہ کی شناخت 20 سالہ مقدس زوجہ عبدالقیوم کے نام سے ہوئی،کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔مبینہ ٹاؤن کے علاقے میٹروول 2 اسکیم 33 کے قریب واقع ایک گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش عباسی شہیداسپتال منتقل کی گئی ،اسپتا ل میں متوفی کی شناخت 26 حمید اللہ ولد راضی جتوئی کے نام سے ہوئی،موت کی تصدیق کے بعد ورثاء لاش لے کر چلے گئے ۔شاہراہ نور جہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی نزد بولان ہوٹل کے قریب واقع ایک گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 25 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی ،اسپتال میں متوفی کی شناخت رفیع اللہ ولد محبوب خان کے نام سے ہوئی،ورثاء موت کی تصدیق کے بعد لاش لے کرچلے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں