باتیں بنانے والوں کو کام سے جواب دوں گا،میئر

باتیں بنانے والوں کو کام سے جواب دوں گا،میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کا مسلسل جائزہ لیتا رہوں گا،کثیر رقم خرچ ہونے کے باوجود شہریوں کو تکالیف ہوں تو نالے صا ف کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔۔

46بڑے نالوں کے ساتھ چھوٹے نالوں کو بھی صاف کیا جارہا ہے ، تمام ٹاونز کے ساتھ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ کام ہوگا ،بڑی بڑی سڑکوں پر برسات شروع ہوتے ہی عملہ ،مشینری اور پمپس فوری بھیج دیئے جائیں گے ، کراچی کے تمام اضلاع میں بلا امتیاز و تفریق کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں،جو لوگ باتیں بنا رہے ہیں انہیں اپنے کام سے جواب دیں گے ۔ یہ بات انہوں نے برساتی نالوں کے دورے کے موقع پر کہی، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ایس ایم افضل زیدی ،میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور متعلقہ افسران بھی ان کے ساتھ تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلاول چورنگی نالہ، عیسیٰ نگری نالہ، سونگل نالہ، نرسری نالہ سمیت شہر کے دیگر نالوں کا دورہ کرنے کے علاوہ ضلع کورنگی میں کھڈا اسٹاپ، دس ہزار روڑ، کالا بورڈ ملیر، فلک ناز پلازہ، ریلوے کراسنگ اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ نالوں میں موجود تمام چاکنگ پوائنٹس روزانہ کی بنیاد پر کلیئر رکھے جائیں اور نالوں کی صفائی کاعمل مزید تیز کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں