انکلوسیو سٹی کا کام دسمبر سے شروع کرنے کی ہدایت

انکلوسیو سٹی کا کام دسمبر سے شروع کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ خصوصی افراد کے لیے ایک انکلوسیو سٹی کے قیام کے حوالے سے دسمبر 2024 تک کام شروع کیا جائے ۔

 انکلوسیو سٹی میں خصوصی افراد کو تمام تر سہولیات میسر ہوں گی تاکہ انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے ۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکرٹری ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز ودھ ڈس ایبلٹیز (DEPD) طحٰہ فاروقی اور دیگر نے شرکت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت رجسٹرڈ کمپنی کے ذریعے ایک خصوصی افراد کے لیے جامع شہر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ پرائیویٹ سیکٹر سے ممتاز افراد کا انتخاب کریں تاکہ وہ اس جامع شہر کے قیام اور مختلف سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومت سندھ کی مدد کرسکیں۔انکلوسیو سٹی کا میگا پراجیکٹ ملیر ایکسپریس وے پراجیکٹ سے دوبارہ حاصل کی گئی 80 ایکڑ اراضی پر قائم کیا جا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انتظامیہ اور سٹی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کی محرم الحرام کے مہینے میں آمد اور قیام کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور دیگر تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں