دورے کا مقصد پاک امریکا تعلقات مزید بہتر بنانا، فل راموس

دورے کا مقصد پاک امریکا تعلقات مزید بہتر بنانا، فل راموس

کراچی (اے پی پی)نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات خراب ہوتے ہیں تو ہمیں تشویش ہوتی ہے ۔۔

پاکستان کے دورے کا مقصد پاک امریکا تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے ۔امریکا میں رہنے والے پاکستانی چاہتے ہیں پاکستان کے حالات بہتر ہو ں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو وفد کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امریکی وفد میں بروک لین اسمبلی کے ممبرایرک بروک، اے پی پیک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد ، صدر امتیاز راہی اور بورڈ ممبران شامل تھے ۔ پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد ،ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو، نور محمد کلہوڑو،شعیب خان ،رانا جاویداور دیگر نے وفد کا استقبال کیا۔صدر اور سیکرٹر ی کلب نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کی ایک علامت ہے ۔آمرانہ ادوار میں کراچی پریس کلب جمہوری قوتوں کے لیے ایک سائبان کا کردار ادا کرتا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات بین الاقوامی امن کے لیے انتہائی ضروری ہیں ۔دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھا کر ایک نئے سفرکا آغاز کرسکتے ہیں ۔فل راموس نے کہا کہ شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر تمام پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔دوطرفہ سطح پر عوام میں روابط قائم ہونے سے تعلقات بہتر ہوں گے ۔ریاست نیویارک کا بجٹ پورے پاکستان کے سالانہ بجٹ کے مساوی ہے ۔ہمارا پیغام نیویارک اور پاکستان زندہ باد کا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں