کسٹم کی کارروائی، ہزاروں لٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام

کسٹم کی کارروائی، ہزاروں لٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام

سکھر (بیورو رپورٹ) کسٹم اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران ہزاروں لٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ڈیزل سے بھرا باؤذر قبضے میں لیکردو ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا، ڈیزل کی مالیت 33 ملین سے زائد بتائی گئی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق سکھر سمیت اندرون سندھ کسٹم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کلیکٹر کسٹم سکھر رانا ارسلان مجید اور حساس ادارے کی قیادت میں عملے نے سکھر کے شکارپور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گیس باؤذر کو تحویل میں لیکر اس میں سے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کلیکٹر کسٹم سکھرراناارسلان مجید کے مطابق کارروائی کلیکٹر کسٹم حیدرآباد مونا محفوظ، ایڈیشنل کلیکٹر طاہر عباس اور حساس ادارے کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی جبکہ پکڑے گئے باؤذر سے 71ہزار لیٹرایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا ہے جوکوئٹہ سے پنجاب اسمگل کیا جارہا تھا جس کی مالیت 33 ملین روپے سے زائد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں سکھر کے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں دس سالہ بچی کو ہراساں کرنے کے معاملے پر والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملوث ملزم کو گرفتارکرلیاگیا ۔ باغ حیات علی شاہ سکھر کے رہائشی عبدالرحمن نے درخواست جمع کرائی تھی کہ میری 10سالہ بیٹی پڑوس میں قرآنی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مدرسہ جاتی ہے ، جس نے مجھے بتایا کہ میں جب مدرسے پڑھنے کے لیے جاتی ہوں تو محمد شمشاد میرے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کی کوشش کرتا ہے جس پر درخواست گزار کی درخواست پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں