تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ بچکانہ ہے ،شاہی سید

تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ بچکانہ ہے ،شاہی سید

کراچی(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ نہایت غیرسیاسی ،غیرجمہوری اور بچکانہ ہے جو قطعی طور پر ملکی مفاد میں نہیں،حکمران آمرانہ ہتھکنڈوں کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔

جن قوتوں نے تحریک انصاف کو پروان چڑھایا، ایک مرتبہ ملک ،تین مرتبہ صوبہ پختونخوا پر مسلط کیا ، اب انکا احتساب ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ تحریک انصاف نے ملک ، سیاست ، جمہوریت، بالخصوص صوبہ پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا لیکن اسکا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ اس پر پابندی لگائے حکومت سیاسی پارٹی پر پابندی کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنائے ایک جمہوری حکومت میں کسی جماعت کی سیاسی سرگرمیوں پرپاپندی آمرانہ قوتوں کا فیصلہ لگتا ہے جو قیام پاکستان سے آج تک ملک میں جمہوری نظام کی مخالفت کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت تاریخ سے سبق سیکھے ، اس ملک میں نیشنل عوامی پارٹی جیسی ترقی پسند ملک گیر پارٹی پر پابندی لگائی گئی لیکن ترقی پسندوں کی سیاست ختم نہیں ہوئی ، اے این پی آج بھی اسی جوش و ولولے کیساتھ ملکی ترقی ،قیام امن اور جمہوری نظام کے استحکام کیلئے کوشاں ہے ۔ شاہی سید نے کہا کہ پرویز مشرف دور میں حکمران جماعت خود آمرانہ پابندیوں کا شکار ہوچکی ہے ،ووٹ کو عزت دو کانعرہ لگانے والے کس کے ایما پر آمرانہ اقدامات اٹھا رہے ہیں؟حکومت کی تحریک انصاف کے خلاف صف بندی ملکی مفاد میں نہیں،اس لڑائی سے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی تیسری قوت فائدہ اٹھائے گی،حکمراں جماعت کی اعلی قیادت غیر جمہوری فیصلوں کا نوٹس لے اور قانون وآئین کی پاسداری اور سیاسی و جمہوری نظام کے استحکام کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ بحران سے دوچار ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں