جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر سیل، ٹریفک پلان جاری

جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر سیل، ٹریفک پلان جاری

کراچی (این این آئی)محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے راستوں کو کنٹینر لگاکر سیل کردیا گیا ۔کنٹینرز لگا کر بند کیے جانے والے راستوں میں ایم اے جناح روڈ، سولجربازار، صدر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس اور کھارادر شامل ہیں۔

کراچی میں 10 محرم الحرام (آج)تک اورنج لائن اور گرین لائن بس سروس معطل رہے گی۔جلوس کی گزرگاہوں پر موجود دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب کراچی میں عوام کی سہولت کے لیے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا اور جلوس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند ہو گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 10 محرم الحرام کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی کا ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند رہے گا جبکہ نیو ایم جناح روڈ، پریڈ اسٹریٹ سے بھی جلوس کے سوا کسی اور گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ان تینوں دن مرکزی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہو گا اور اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔کسی کو بھی جلوس کے روٹ پر گاڑی کھڑی کرنی کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف ان گاڑیوں کو جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چسپاں ہو گا۔جلوس میں شامل ہونے کے لیے اسٹیکر والی گاڑیوں کو براستہ شاہراہ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخلے کی اجازت ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں