حکمران بار بار عوام کو اذیتیں دے رہے ،بلال سلیم قادری

حکمران بار بار عوام کو اذیتیں دے رہے ،بلال سلیم قادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان سنی تحریک ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی اور اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک علامہ بلال سلیم قادری شامی نے سنی تحریک کے مرکز سے جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بار بار عوام کو اذیتیں دے رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ذہنی ٹارچر کی وجہ سے ہر دس میں سے پانچ افراد ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ملک میں عوام کو دی جانے والی سہولتوں کا فقدان ہے ۔عوام کواندھیرے میں لائٹین پکڑا کر کھڑا کر دیا گیا ہے ،اس ملک میں کون سی ایسی چیز ہے جو عوام کو بغیر پیسے دیے میسر ہے ۔قوم اپنی جیب سے پیسے بھی خرچ کرتی ہے اور ذلیل بھی ہو رہی ہے ۔ہر بندہ دن میں پٹرولیم قیمتوں میں حکومت اضافہ کر دیتی ہے ،حکومت اگر ایک مہینے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے تو عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے بڑھائے جانے والی قیمت سے دو روپے کم کر دیتی ہے ۔اسی طرح سوئی گیس کا محکمہ بھی عوام کو تنگ کرنے میں پیچھے نہیں ہیں۔گیس نہ گھریلو صارفین کو مل رہی ہے نہ ہی صنعت کاروں کو تو آخر یہ گیس کہاں جا رہی ہے ۔جس صوبے سے گیس نکل رہی ہے اسی صوبے کے لوگ گیس کے لیے ترس رہے ہیں۔یہ سوال پارلیمنٹ اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھے ہوئے ان عوامی نمائندوں کو کرنا چاہیے جو عوام کو لولی پاپ دے کر یہاں آئے ہیں۔مگر ایسا لگتا ہے کہ جو بھی پارلیمنٹ میں جاتا ہے ٹھنڈے ٹھار اسمبلی ہال میں بیٹھتا ہے وہ وہیں کا ہو جاتا ہے ۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جگا ٹیکس جبری طور پر وصول کر رہی ہے ۔پورے ملک میں بجلی سپلائی کرنے والی جتنی بھی کمپنیاں ہیں وہ صرف عوام کا خون چوسنے کے لیے بیٹھی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں