نصف شب کی لوڈ شیڈنگ کا جواز پیش کیا جائے ،پاسبان
کراچی(آن لائن)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں سے فضول ٹیکسز ختم اورفی یونٹ قیمت کم سے کم مقرر کی جائے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت،انتظامیہ اور بجلی مہیا کرنے والی کمپنیاں نصف شب کی لوڈ شیڈنگ کا جواز پیش کریں۔ایک طرف بجلی کے نرخ روز بروز مہنگے کئے جا رہے ہیں۔ عوام اپنی گھریلو اشیائفروخت کر کے بھی بلز کی ادائیگی کر رہے ہیں، اس کے باوجود شدید گرمی میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ بھی برداشت کر رہے ہیں۔ یہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ پاکستانی عوام کو ذلیل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چور کے ای کے عملے سے مل کر دھڑلے سے بجلی چوری کرتے ہیں اور سرکاری و بجلی کمپنیوں کے افسران مفت بجلی استعمال کرتے ہیں اور یہ سارا بوجھ ایماندار صارفین برداشت کرتے ہیں،یہ وہ طبقہ ہے جن کی زندگی پانی، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ذریعے اجیرن کردی گئی ہے ،افسوس اس محب وطن مگر مجبور طبقے کو ریاست سے بدظن کیا جارہا ہے ،عوام کی برداشت کی حد کو اور نہ آزمایا جائے ۔ ملک کے وسائل اور اقتدار پرقابض طبقہ عوام کے مسائل حل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ پیشتر پیشن گوئی کر دی گئی تھی کہ سال 2024 گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ گرم رہے گا،ایسی صورتحال میں عوام کو پانی اور بجلی مہیا کرکے ان کی قیمتی جانیں بچانے کے بجائے انہیں دونوں بنیادی ضروریات سے محروم کر دیا گیا ہے ۔