کے ایم سی اسپتال بہترطریقے سے چلانے کیلئے تجاویز طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی ٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسپتالوں کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے اگلے دس روز میں تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنی تجاویز پیش کریں۔
عباسی شہید اسپتال میں طبی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور تمام شعبوں کو فعال کیاجائے ،ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تمام اسپتالوں میں بایو میٹرک سسٹم لگایا جائے ،جوملازمین مسلسل غیر حاضر ہیں انہیں قوانین کے تحت ملازمت سے سبکدوش کر دیا جائے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی،کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔میئر کراچی نے کہا کہ سینئر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ اکاؤنٹس میڈیکل ڈپارٹمنٹ راشد سبزواری کو ان کی غیر حاضری پر معطل کر دیا گیا ہے ،کے ایم سی کے اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو یہ بات اچھی طرح ذہن نشیں کرلینی چاہیے کہ انہیں سرکاری ملازمت کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق ڈیوٹی کے مقام پر اپنی حاضری کو یقینی بنانا ہے ، مریضوں کو ہمہ وقت علاج کی سہولت تبھی فراہم ہوسکے گی جب افسران و دیگر ماتحت ملازمین کے لئے سرکاری طور پر چھٹیوں کے شیڈول پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور اس حوالے سے کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ لانڈھی میں واقع کے ایم سی کے مردہ خانہ کو فعال کیا جائے ۔