ٹھٹھہ ، جیکب آباد:گرمی سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
ٹھٹھہ ،جیکب آباد(نمائندگان دنیا)ضلع ٹھٹھہ سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے ،گرمی کے دوران بجلی کی لودشیڈنگ نے عوام کا جینا دشوار کردیا۔ٹھٹھہ کے صحافی قادر جاکھرو کی خالہ گائوں پنیل جاکھرو کے پہاڑی علاقے میں بکریاں چرانے جارہی تھیں کہ ۔۔۔
ہیٹ اسٹروک کی نذر ہوگئیں جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں، اسکے علاوہ ٹھٹھہ کے علاقے جنگ شاہی جھمپیر مکلی میں شدید گرمی سے مہرین، فاطمہ ، صنم ،سکینہ ، امان، فرمان سمیت 13افراد بے ہوش ہوگئے ۔واضح رہے کہ شدید گرمی میں حیسکو کی جانب سے 13 گھنٹے لودشیڈنگ کے علاوہ مختلف فالٹس کے بہانے کئی کئی گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے ۔ گرمی، حبس اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ جیکب آباد میں شدید گرمی و حبس کی وجہ سے درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی جب کہ دم گھٹنے سے نوجوان فوت ہوگیا ، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے۔ جیکب آباد میں ہفتہ کے روز شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی اور کئی بے ہوش ہوگئے ، کئی لوگ اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، تحصیل ٹھل کے علاقے جونگل میں نوجوان علی گوہر کنڈرانی گرمی اور حبس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث فوت ہوگیا، ایک طرف شدید گرمی و حبس اور دوسری جانب بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، بجلی کی بندش کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔