شمسی توانائی پر ٹیکسز روکنے کیلئے پر عزم ہیں ،ناصر حسین

 شمسی توانائی پر ٹیکسز روکنے کیلئے پر عزم ہیں ،ناصر حسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایکسپو سینٹرکراچی میں منعقدہ تین روزہ ساتویں آئی ایس ای ایم سولر ایگزی بیشن کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے ۔حکومت سندھ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ترقی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ساتھ شمسی توانائی کی پیداوار اور تقسیم میں تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نیشنل گرڈ میں بجلی فراہم کرنے کیلئے سولر پارکس قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، اس اقدام کا مقصد صوبے میں صارفین کو 100یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرناہے ۔ناصر حسین شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شمسی توانائی پر ٹیکسز کو روکنے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ توانائی شعبے میں انتہائی زرخیز اور قدرتی و سائل سے مالامال ہے اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ہے ۔ اس ایگزی بیشن میں پالیسی ساز، صنعت سے وابستہ افراد اور سرمایہ کار بھی شرکت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی اور خاص طور پر غیر ملکی کمپنیاں اپنی سولر کی مصنوعات اور سولر سے متعلق آلات وغیرہ اور بیٹریاں بھی نمائش کیلئے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ رہائشی اور کمرشل استعمال کیے لیے سولر کی جدید ٹیکنالوجی اور آلات بھی نمائش کیلئے پیش کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں