پر امن دھرنے کو روکنے کی کوشش نا کی جائے ، منعم ظفر

پر امن دھرنے کو روکنے کی کوشش نا کی جائے ، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت مہنگائی، ظالمانہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز،پٹرول،گیس وبجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے۔

عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی حق دو عوام کوتحریک کے سلسلے میں اسلام آباد ڈی چوک 26جولائی سے شروع ہونے والا دھرنے میں شرکت کیلئے کراچی سے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے ۔جمعرات کوبھی ہزار ہ ایکسپریس سمیت بسوں و گاڑیوں کے ذریعے قافلے روانہ ہوئے ۔ دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے قافلوں کی روانگی کے موقع پرحکومت کی جانب سے دھرنے کو روکنے کی کوششوں کے سلسلے میں دفعہ 144کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا ہر صورت ہوگا، جماعت اسلامی عوام کے حق اور مسائل کے حل کیلئے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھے گی۔پر امن احتجاج اور دھرنا ہمارا آئینی، جمہوری اور سیاسی حق ہے ،پر امن دھرنے کو روکنے کی کوشش نہ کی جائے ، اگر ایسا کیا گیا تو احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ ملک بھر میں پھیلادیا جائے گااور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔جماعت اسلامی نے حق دو کراچی تحریک کے سلسلے میں سندھ اسمبلی کے باہر 29 دن کا تاریخی دھرنا دیا۔اسلام آباد دھرنا اس سے بھی زیادہ طویل ہوسکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں