چیئرمین واپڈا کی کے فور پراجیکٹ میں تیزی لانیکی ہدایت

 چیئرمین واپڈا کی کے فور پراجیکٹ میں تیزی لانیکی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)نے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور)پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ان سائٹس میں ان ٹیک ورکس، پمپنگ اسٹیشنز، پریشر ائزڈ پائپ لائن، پراجیکٹ آفس، پراجیکٹ کالونی اور رابطہ سڑک شامل ہیں۔جنرل منیجر (پراجیکٹس)ساؤتھ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر مغل نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے مختلف کنٹریکٹس پر پیش رفت، تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائنز اور اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر مجموعی پیش رفت 46 فیصد ہے جبکہ اب تک 59 ارب50 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل دسمبر 2025 میں شیڈول ہے ۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کے لئے درکار بجلی کے نظام اورصارفین تک پانی پہنچانے کے لئے درکار ڈسٹری بیوشن سسٹم کی تکمیل کیلئے متعلقہ فریقین سے مسلسل اور مؤثر رابطہ قائم رکھیں۔کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ 650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ واپڈا اس وقت منصوبے کاپہلا مرحلہ تعمیر کر رہا ہے جس سے کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی میسر آئے گا۔ دوسرے مرحلے میں 390ملین گیلن روزانہ پانی فراہم کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں