مقابلے میں شہری کی ہلاکت،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عدالت طلب

مقابلے میں شہری کی ہلاکت،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عدالت طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں مارے گئے شہری عمر فاروق کی بازیابی سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو پیش ہوکر وضاحت دینے کا حکم دیدیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ لاپتا شہری عمر فاروق کو سی ٹی ڈی نے 24 مئی 2024 کو گرفتار کیا تھا۔سی ٹی ڈی کے ہاتھوں عمر فاروق کی گرفتاری کی خبر اخبار میں بھی شائع ہوئی تھی۔ وکیل نے اخبار کی خبر عدالت میں جمع کرائی اور موقف اختیارکیا کہ 12 مئی کو عمر فاروق مغرب کی نماز پڑھنے اور کچھ سامان لینے گیا تھا۔14 مئی 2024 کو متعلقہ ایس ایچ او کو گمشدگی کی درخواست بھی دی تھی۔ عدالت نے لاپتا شہری کی گرفتاری کی وضاحت کے لیے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے وفاقی ، سندھ حکومت اور رینجرز سے بھی آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں گلشن معمار کی 4ہزار مربع گز زمین پرقبضے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت حکومت سندھ اور معمار ہاؤسنگ اسکیم کے جواب جمع کرانے کے بعد ملتوی کردی گئی ۔دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہناتھا کہ نادرا کو کون ہراساں کرسکتا ہے ،یہ گورنمنٹ کا گورنمنٹ سے معاملہ ہے ۔ عدالت نے نادرا کی زمین پر قبضے کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے نادرا کو سول سوٹ دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں