کرش اسٹون کی آڑ میں مضرچھالیہ کی اسمگلنگ ناکام، گٹکاکار خانہ بھی پکڑا گیا،16گرفتار

کرش اسٹون کی آڑ میں مضرچھالیہ کی اسمگلنگ ناکام، گٹکاکار خانہ بھی پکڑا گیا،16گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرقائد میں کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ نے بلوچستان سے کرش اسٹون کی آڑ میں مضرچھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ ڈمپر سے 7ہزار200کلوچھالیہ برآمدکرلی،ادھر ضلع کیماڑی پولیس نے گٹکا کارخانے پر چھاپہ مارکر16 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو بلوچستان سے مضر صحت چھالیہ کراچی منتقل کرنے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی(اے ایس او)کے ڈپٹی کلکٹر رضا نقوی نے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کو اس ممکنہ اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی ہدایت جاری کیں۔گزشتہ روز اے ایس او کی ہمدرد چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے بلوچستان سے آنے والے ڈمپر ٹرک رجسٹریشن نمبر TAH-199 جس پر کرش اسٹون لدا ہوا تھا کو روک کر تلاشی لی تو ٹرک سے کرش کے نیچے چھپائے گئے اسمگلڈ مضر صحت چھالیہ کے 720 بیگز برآمد ہوئے جن کا کل وزن 7200 کلو گرام ہے ،جب کہ مالیت 72 لاکھ روپے ہے ، 1 کروڑ روپے مالیت کے ڈمپر کو بھی ضبط کیا گیا۔ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ضبط شدہ چھالیہ اور ڈمپر کوگودام منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب ایس ڈی پی او کیماڑی حالار خان چانڈیو کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ جیکسن انسپکٹر محمد اسحاق نے بھاری نفری کے ہمراہ بدنام زمانہ گٹکا ڈیلر احمد خان عرف محبوب کے گٹکا ماوا کے خفیہ کارخانے پر چھاپہ مارکرمضر صحت گٹکا ماوا کی تیاری میں مصروف 16 ملزمان گرفتار کرلیا۔کارخانے سے بھاری مقدار میں گٹکا، مکسچر مشین، ڈرم، پتیلے و دیگر سامان برآمد کرلیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں