حیدر آباد میں لنک روڈ کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل

حیدر آباد میں لنک روڈ کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل

حیدرآباد(نمائندہ دنیا)حیدر آباد میں عوامی سہولتوں کے دیگر اداروں کی طرح اب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حیدرآباد کی کارکردگی بھی خراب ہوتی جا رہی ہے ۔۔

اپنے قیام سے کچھ عرصہ بہتر کارکردگی دکھانے کے بعد اب اس ادارے نے بھی غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانا شروع کردی ہے ،گھر وں سے کچرا اٹھانے اور جمع شدہ کچرے کو شہر سے باہر ڈمپ کرنے کے دعوے اب صرف دعوے ہی نظر آرہے ہیں،شہر کا تمام کچرا رہائشی علاقوں میں ہی ڈمپ کرنا شروع کردیاگیاہے ۔گدی رابطہ کونسل کے چیئرمین اور سابق یوسی ناظم ڈاکٹر محفوظ گدی کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حیدرآبادکے عملے نے حالی روڈ کی پرانی سبزی منڈی کے لنک روڈ کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا جبکہ حال ہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی کے وفاقی فنڈ سے پرانی سبزی منڈی کے روڈ تعمیر کئے گئے تھے ۔محفوظ گدی کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حیدرآباد کو شہر کا جمع شدہ کچرا شہر سے باہراور رہائشی علاقوں سے دور ڈمپ کرنے کیلئے لاکھوں روپے ملتے ہیں لیکن ادارے کے کچھ افسران نے مبینہ طورپر اپنی جیبیں بھرنے کے لئے کچرے کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے بجائے حالی روڈ پرانی سبزی منڈی کے لنک روڈ کو ہی کچرے کا ڈمپنگ پوائنٹ بنادیاہے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں تعفن پھیلنے کے ساتھ علاقے میں مختلف جلدی اور دیگر امراض جنم لے رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں