نہروں کی صفائی کیلئے وارہ بندی کا انتظار کرنا ہوگا،چیئرمین ایریا واٹر بورڈ

نہروں کی صفائی کیلئے وارہ بندی کا انتظار کرنا ہوگا،چیئرمین ایریا واٹر بورڈ

میرپورخاص(بیورورپورٹ)ڈائریکٹر نارا کینال کے دفتر میں کاشتکار رہنماؤں اور محکمہ آبپاشی کے افسران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر نارا کینال نعیم اختر میمن، ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین علی مراد راج، کاشتکار رہنماؤں زاہد بھرگڑی،الطاف شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر کاشتکار رہنماؤں زاہد بھرگڑی اور دیگر کا کہنا تھا کہ سکھر بیراج کا دروازہ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے نارا کینال، روہڑی کینال اور دیگر میں کافی ریت جمع اور پانی کا بہاؤ کم ہوگیا ہے ۔اس موقع پر ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین علی مراد راج کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی نہیں ہے لیکن سکھر بیراج کے گیٹ ٹوٹنے سے نارا کینال میں ریت داخل ہونے سے پانی کا بہاؤ متاثر ہوا ہے ، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کینالوں کی صفائی ضروری ہو لیکن ہمیں سالانہ وارہ بندی کا انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاخوں کے آخری حصوں تک پانی پہنچ رہا ہے جبکہ مون سون کا موسم ہونے کی وجہ سے آبادگاروں نے واٹر کورسز بند کر دیے ہیں۔ دوسری جانب نارا کینال سے نکلنے والی شاخوں کے آخری حصوں کے کاشتکاروں نے آبی بحران کے مسائل حل کرنے کے لئے بنائی گئی کمیٹیوں کے خاتمے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ نارا کینال سے نکلنے والی شاخوں کے آخری حصوں کی تنظیم ٹیل آبادگار ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت پانی کی قلت کے خلاف 18 روز سے دھرنا دینے کے بعد کمشنر میرپورخاص کے حکم پر تعلقہ سطح پر پانی کی مانیٹرنگ کے لئے کمیٹیاں بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اگلے روز نوٹیفکیشن واپس لینے پر آبادگاروں نے ایک بار پھر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں