ایس بی سی اے کانکاٹی میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کااعلان

ایس بی سی اے کانکاٹی میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کااعلان

کراچی (این این آئی)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کو درپیش تعمیراتی مسائل کو حل کرنے کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کرے گی۔۔

اس مقصد کے تحت نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی جہاں ایس بی سی اے کا عملہ صنعتی عمارتوں کی تعمیرات سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں صنعتکار برادری کی معاونت کرے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) عبدالرشید سولنگی نے نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی دعوت پر ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اور عہدیداروں سمیت سینئر ممبران سے ملاقات کی اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈی جی ایس بی سی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نکاٹی کے ممبران کو یقین دلایا کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے اور نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی تجویز کو اہمیت دیتے ہوئے بلڈنگ کنٹرول کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا اور ساتھ ہی ریگولرائزیشن کا عمل بھی تیز کیا جائے گا۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ نکاٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کسی بھی غیر قانونی تعمیرات سے سختی سے نمٹا جائے اور نکاٹی کی تجویز پر تعمیرات کو ریگولرائز کیا جائے ۔فیصل معیز خان کی تجاویز پر ڈائریکٹر جنرل نے اتفاق کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں