انتہائی خطرناک دو ڈکیت پولیس مقابلے کے بعد گرفتار

 انتہائی خطرناک دو ڈکیت پولیس مقابلے کے بعد گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں گزشتہ 28 سال سے ڈکیتیاں کرنے والے انتہائی خطرناک دو ڈکیت پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرلئے گے ہیں ۔

ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانہ جات میں قتل،ڈکیتی و ناجائز اسلحہ جیسے 52 مقدمات درج ہیں جب کہ ملزمان کے دو ساتھی کچھ عرصہ قبل پولیس مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل راجہ خالد اور ایس ایچ او تھانہ سائیٹ بی انسپکٹر ایاز خان نے پولیس پارٹی کے ہمراہ مقابلے کے بعد دو ملزمان وسیم اللہ عرف کمانڈو اور سید جاوید شفیق کو سائیٹ ایریا میں فائرنگ کے تبادلہ کے بعد گرفتار کرلیا ۔ایس ایس پی کیپٹن(ر)فیضان علی کا کہنا تھا کہ ملزمان پوش علاقوں میں بنگلوں میں وارداتوں سمیت بینک سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں بھی ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے بوقت گرفتاری دو عدد غیرقانونی پستول اور تھانہ درخشاں کی حدود سے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے ۔ملزمان نے دوران انٹروگیشن گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، تیموریہ، گزری ، کلفٹن، سمن آباد اور شاہراہ فیصل کے علاقوں میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔ملزمان کے دو ساتھی شاہد عرف برگر اور شاہد عرف کالا کچھ عرصہ قبل پولیس مقابلے میں مارے جاچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانہ جات میں پولیس مقابلہ، قتل، ڈکیتی و ناجائز اسلحہ جیسے 52 مقدمات درج ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ سائیٹ بی میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں