واٹر بورڈ ،سالڈ ویسٹ ٹاؤن ، یوسی کے ماتحت کرنیکا مطالبہ

واٹر بورڈ ،سالڈ ویسٹ ٹاؤن ، یوسی کے ماتحت کرنیکا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر )اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کراچی واٹر بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ٹاؤن اور یوسی کے ماتحت کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ سے بلدیہ عظمی کراچی کے مرکز میں واقع دفتر میں جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ملاقات کی ،اس موقع پرمنتخب بلدیاتی نمائندوں نے واٹر بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ واٹر بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، دونوں ادارے براہ راست میئر کے ماتحت ہیں،شہر کے تمام مسائل کے بنیادی ذمہ دار مرتضی وہاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود کمیٹیز کی تشکیل نہ پانا آمرانہ طرز حکومت ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اب تک کراچی واٹر کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوسکے ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی تمام وسائل پر قابض رہنا چاہتی ہے ۔واٹر بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے ٹاؤن اور یوسی چیئر مین ترقیاتی فنڈ صرف سیوریج کے کاموں پر خرچ کرنے پر مجبور ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، فوکل پرسن نعمان الیاس، یوسی چیئرمینز آفاق بیگ، وسیم مرزا، عاطف بقائی، حاشر عمر سٹی کونسل ممبران فضل احد، یونس سوہن، تیمور احمد بھی موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں