گلشن اقبال ٹاؤن میں طویل المیعاد شجرکاری پروگرام کا آغاز

 گلشن اقبال ٹاؤن میں طویل المیعاد شجرکاری پروگرام کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے وائس چیئرمین،ابراہیم صدیقی اور میونسپل کمشنر جاوید کلوڑ کے ہمراہ ناریل پارک یوسی 3 سے گلشن ٹاؤن میں طویل المیعاد بنیادوں پر شجرکاری پروگرام کا آغاز کردیا ہے ۔۔

یہ پروگرام 25 ستمبر تک جاری رہے گا، شجرکاری پروگرام میں معروف کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر فواد فاروق، چیئرمین پارکس کمیٹی آصف کریم،یوسی 3 کے چیئرمین عبد الماجد سمیت محلے کی خواتین و بزرگوں سمیت تمام شعبہ جات کے لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یاد رہے کہ یہ شجرکاری مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیگی جس میں زیتون، نیم، چیکو اور دیگر درخت لگائے جائینگے ۔شجرکاری پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ شجرکاری کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کیلئے ہم نے نباتیات ودیگر ماہرین کو آن بورڈ لے کر اس کا آغاز کیا ہے ، میری تمام لوگوں سے التماس ہے کہ اس شجرکاری پروگرام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے اپنا تعاون پیش کریں اور کم از کم اپنے حصے کا ایک پودالازمی لگائیں، انہوں نے مزید کہا کہ گلشن ٹاؤن میں ہم نے آتے ہی پارکس کی بحالی و شجرکاری پر خصوصی توجہ دی اورگلشن اقبال کے مکینوں کیلئے ان کے محلے میں جو پارکس پہلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتے تھے اب وہاں پر علاقہ مکین ان پارکس سے محظوظ ہو رہے ہیں ،جلد ہی ہم اجتماعی کوششوں کے سبب کراچی کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے ، اس موقع پر میونسپل کمشنر جاوید کلوڑ نے کہا کہ سندھ حکومت کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے شہر کراچی کے تمام ٹاؤنز بالخصوص گلشن ٹاؤن میں ہریالی کو فروغ دے رہے ہیں، ایسے میں یہ شجرکاری مہم ایک مثبت پیش رفت ہے جسے مستقل بنیادوں پر چلنا چاہیے ، پروگرام کے مہمان ڈاکٹر فواد فاروق نے اس موقع پر کہا کہ اس شجرکاری پروگرام میں عوام کا ساتھ لازمی ہے ، حکومتی سطح پر جو بھی پروگرام ہیں انہیں عوام بھی اون کریں تاکہ یہ سلسلہ جاری رہ سکے ۔بعد از اں چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے پارک سے متصل لائبریری اور نوجوانوں کیلئے انکیوبیٹر کا بھی جائزہ لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں