ڈپٹی کمشنر ملیر کی ضلع بھر میں شجرکاری کی ہدایت

  ڈپٹی کمشنر ملیر کی ضلع بھر میں شجرکاری کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کی زیر صدارت ضلع ملیر کے انتظامی مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ملیر نے فاریسٹ آفیسر ملیر اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں شجرکاری کریں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ملیر، ابراہیم حیدری اور گڈاپ کی حدود میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے جائیں۔ مقامی سطح پر اسکولوں پرائمری،سیکنڈری، گورنمنٹ کالجز وسرکاری اسپتال اور دیگر سرکاری اداروں میں پودے لگائے جائیں جن کی دیکھ بھال اسی ادارے سے وابستہ سربراہان کریں گے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف باقاعدہ آپریشن کو یقینی بنانے کے بھی پابند ہوں گے ۔ آپریشن انسداد تجاوزات فورس، ایریا پولیس اور ٹریفک پولیس بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے ۔ ڈی سی ملیر نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے ٹی ایم سیز کو پابند کیا کہ وہ ضلع ملیر کی خوبصورتی کو برقرار رکھیں، مرکزی سڑکوں اور دیگر عوامی املاک پر لگے وال چاکنگ، پوسٹرز، بینرز کو فوری طور پر ہٹایا جائے ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ملیر کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم انیس عباسی نے گلشن حدید میں زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ان کو وارننگ بھی دی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو سرکاری قیمتوں کی فہرستیں لٹکانے کی بھی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں