آبی بحران :ایم کیو ایم رکن صوبائی اسمبلی کاوزیر اعلیٰ کو خط

 آبی بحران :ایم کیو ایم رکن صوبائی اسمبلی کاوزیر اعلیٰ کو خط

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی انجینئر حافظ سید اعجازالحق نے اورنگی ٹاؤن میں پانی کی قلت اور ٹینکر مافیاز کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔

سید اعجاز الحق نے خط میں بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں پینے کے پانی کی قلت شدید بحران کی شکل اختیار کرگئی ہے اور اورنگی ٹاؤن کے عوام کی روز مرہ کی زندگی شدید متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتنا بڑا ظلم اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کا ثبوت ہے کہ حب ڈیم کے انتہائی قریبی علاقے اورنگی ٹاؤن کے عوام پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے متعلقہ افسران کو بار بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے ۔ اعجاز الحق نے کہا کہ دوسری جانب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ماتحت چلنے والے واٹر ہائیڈرنٹس سے جو پانی کے ٹینکرز بھرتے ہیں وہ ہزاروں روپے میں فروخت ہورہے ہیں، ٹینکرز مافیاز صورتحال کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ مصنوعی قلت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور ٹینکرز مافیاز کی ملی بھگت سے دانستہ طور پر پیدا کی گئی ہے ۔ حق پرست رکن اسمبلی سید اعجاز الحق نے مطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن کو شیڈول کے مطابق بلاناغہ پینے کا پانی فراہم کیا جائے اور ٹینکرز مافیاز کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں