کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سرجانی میں نیا صنعتی زون قائم کرے گی

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سرجانی میں نیا صنعتی زون قائم کرے گی

کراچی(این این آئی)کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل سید شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سرجانی میں نیا صنعتی زون قائم کیا جائے گا جہاں نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری ( فباٹی) کو ترجیح دی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی دعوت پر ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈی جی کے ڈی اے نے صنعتکاروں کو بتایا کہ سرجانی میں نئے صنعتی زون کے قیام کے لیے تقریباً 500 صنعتی پلاٹس رکھے گئے ہیں جہاں انفرااسٹرکچر کا کام تیزی سے کیا جائے گا جس میں ایک ہزار اور 2 ہزار گز کے پلاٹ ہیں لہٰذا صنعتکار برادری کو سرمایہ کاری کے اس شاندار موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے ڈی جی کے ڈی اے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرجانی میں نئے صنعتی زون کے قیام کے اعلان کو سراہا اور اس حوالے سے نکاٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کی توجہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں بڑھتی تجاوزات کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے کی سڑکوں کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ صنعتی پلاٹ پر بننے والے تمام ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ختم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں