سرکاری سکولوں آج سے کتب کی فراہمی کا اعلان

سرکاری سکولوں آج سے کتب کی فراہمی کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ انتظامیہ نے بدھ (آج)سے سندھ کے سرکاری اسکولوں کو نصابی کتب بھیجنے کا اعلان کردیا۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کا کام وقت اور حالات کے مطابق ہوگا۔

 کتب میں بہتری لانا، چھپائی، تقسیم اور مارکیٹنگ، جو کہ کچھ رکاوٹوں اور قانونی معاملات کی وجہ سے اس بار تاخیر کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے اس سال مئی میں دوسرا اور تیسرا ٹینڈر جون میں ایک ماہ میں مکمل کرنا مشکل تھا، باوجود اس کے بورڈ انتظامیہ اور پبلشرز کی مدد سے کتابیں وقت سے پہلے چھپ چکی ہیں، سندھ کے سرکاری اسکولوں کے لیے کتابوں کے 44 لاکھ 53 ہزار سیٹ تیار کیے گئے ہیں۔جس کی تقسیم بدھ (آج) کو شروع کی جائے گی اور یہ عمل 15 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین عبدالعلیم لاشاری کا مزید کہنا تھا کہ کتابوں کی چھپائی کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس کی تعداد 2 کروڑ 43 لاکھ ہے ، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکرٹری اسکولز زاہد عباسی کی ہدایات کی روشنی میں ہم ٹارگٹ پورا کر لیں گے انہوں کہا کہ مشکلات کے باوجود کتب کی طباعت کا عمل مکمل کرنا دشوار تھا۔ چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ مارکیٹ میں کتابوں کی فروخت کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ، کتابوں پر خصوصی قسم کا اسٹیکر لگا کر کتابوں کی نقل کو روکا جا سکتا ہے اور ایسے عمل میں ملوث پبلشرز کے خلاف قانونی کارروائی بھی کرنا ممکن ہوسکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ڈالر کی قیمت میں اضافے ، مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کتابوں کی چھپائی کا مرحلہ متاثر ہوا تھا اور کتابیں نہ ہونے کی شکایات تھیں لیکن اس بار مکمل کتب چھاپنے کا کم بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بک پرنٹنگ کے لیے ٹینڈرز کو ترجیح دینے والے پبلشرز کے خلاف الزامات غلط ہیں، ٹینڈرز جاری کرنے کا سیپرا قانون کے تحت ایک طریقہ کار ہوتا ہے ، کوئی پبلشر دو سے زیادہ پیکج نہیں لے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے حالات پہلے سے اب بہتر ہیں یہاں پر دستیاب پرنٹنگ مشین 2 رنگوں کی ہے جب کہ اب یہاں کے پرنٹنگ پریس کا معاملہ بھی عدالت میں چل رہا ہے ۔ اگر عدالت نے کہا کہ ہم مشینیں اپ گریڈ کر کے یہاں کتابیں چھاپیں تو پھر چھپائی کا کام بھی شروع کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں